Daily Bollywood News
Your Daily Dose of Bollywood

شاہ رخ خان پھر سوشل میڈیا پر بھارتی انتہا پسندوں کی تنقید کا ہدف

پشاور میں شاہ رخ خان کی کزن نور جہاں کی پاکستان میں الیکشن لڑنے کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد بالی وڈ کنگ سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بھارتی انتہا پسندوں کی تنقید کا نشانہ بن رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر بھارتی انتہا پسندوں نے شاہ خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ کسی نے کنگ خان کو پاکستانیوں سے زیادہ پاکستان کا وفادار تو کسی نے دہشت گرد قرار دے دیا۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے تو یہاں تک کہہ ڈالا کہ ـتم یہاں کماتے ہو اور تمھاری کزن پاکستان میں الیکشن لڑتی ہے، تم بھی وہیں چلے جاؤ اور واپس کبھی نہ آنا۔

ماضی میں بالی وڈ کے بادشاہ کی پاکستانیوں کی حمایت پر تاک تاک کر حملے کئے۔

بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر آئی پی ایل میں پاکستان کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے حوالے سے بیانات ہوں یا پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کا معاملہ۔۔۔ سب زیر بحث ہے۔

چند نے تو شاہ رخ پر ممبئی دھماکے کے دو دن بعد بے حسی سے رنگ رلیاں منانے کا الزام دھر دیا۔

ایک تنگ نظر انتہاپسند نے دہائی دی کہ کیا اب شاہ رخ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائیں گے؟ تو دوسرے نے سیدھا "دہشتگرد ایس آر کے کو پاکستان بھیجو” کا نعرہ لگادیا۔

شاہ رخ کی ددھیالی کزن نور جہاں پی کے 77 پشاور سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔

شاہ رخ خان نے معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے تاہم پاکستان میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما زاہد خان کا کہنا ہے کہ بھارتی انتہا پسندوں کی شاہ رخ خان کو دھمکیاں افسوسناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھمکیوں سے بھارت کا سیکولر چہرہ مسخ ہو رہا ہے، بھارت انتہا پسندانہ عناصر کے خلاف کاروائی کرے۔

Source source
Leave A Reply

Your email address will not be published.