’کبھی سوچا نہیں تھا لوگ مجھ سے بھی مقابلہ کرتے ہیں‘
بولی وڈ اداکار دھرمندر کے بیٹے بوبی دیول طویل عرصے سے بڑی اسکرینز سے غائب ہیں، تاہم اب وہ سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ کے ساتھ دوبارہ جلوہ دکھانے کو تیار نظر آرہے ہیں۔
فلم ’ریس 3‘ ویسے تو جلد ریلیز ہونے والی ہے، تاہم اب تک اس بات کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا ہے کہ بوبی دیول فلم میں منفی کردار ادا کررہے ہیں یا وہ سلمان خان کے ساتھی کے روپ میں نظر آئیں گے۔
اپنے کیرئیر میں کئی ناکامیوں کا سامنا کرنے والے بوبی دیول نے ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہا اگر وہ فلمی کیریئر پر بہتر توجہ دیتے تو وہ انڈسٹری میں بہتر فوکس کے ساتھ کام کرسکتے تھے۔
یاد رہے کہ 49 سالہ بوبی دیول نے اپنے کیریئر کا آغاز 1995 کی بلاک بسٹر فلم ’برسات‘ کے ساتھ کیا تھا۔
مزید پڑھیں: ’ریس 3‘ کا حصہ بن کر بوبی دیول پرجوش
انہوں نے ’گپت‘، ’سولجر‘، ’اجنبی‘ اور ’ہم راز‘ جیسی کئی کامیاب فلموں میں کام کیا۔
بوبی دیول کا کہنا تھا کہ ’میں نے کبھی بھی انڈسٹری میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ ہونے والے مقابلے پر غور نہیں کیا، کبھی سوچا نہیں تھا لوگ مجھ سے بھی مقابلہ کرتے ہیں، میں یہی سوچتا تھا سب کو کام ملنا چاہیے اور مجھے کسی کے راستے میں نہیں آنا چاہیئے، لیکن پھر چیزیں تبدیل ہوگئیں، ہر کوئی پروڈیوسرز سے ملاقات کرنے لگا، اور اسے وہ کام دے دیا گیا جو شاید مجھے ملنا چاہیے تھا، مجھے آہستہ آہستہ اندازہ ہوا کہ میں ہار رہا ہوں، لیکن ابھی بھی دیر نہیں ہوئی‘۔
بوبی دیول گزشتہ چار سال سے کسی فلم میں کام کرتے نظر نہیں آئے، اور اب فلم ریس 3 میں واپسی کے لیے انہوں نے سلمان خان کی مدد سے اپنی باڈی پر بھی کافی محنت کی۔
انہیں امید ہے کہ اس ایکشن تھرلر فلم کے بعد مزید آفرز انہیں موصول ہوں گی۔
فلم ریس 3 میں سلمان خان مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جبکہ بوبی دیول، انیل کپور، جیکولین فرنینڈز اور ڈیزی شاہ بھی اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
فلم کی ہدایات ریمو ڈی سوزا دے رہے ہیں، جو رواں ماہ 15 تاریخ کو بھارت کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ حال ہی میں فلم ریس 3 کا پہلا ٹریلر بھی ریلیز کیا گیا تھا، تاہم اسے اتنی پذیرائی نہیں ملی جتنی اس سے توقع کی گئی تھی۔