افطار پارٹی کے دوران گانا بجانے پر شلپا شیٹھی کو تنقید کا سامنا
افطار پارٹی کے دوران گانا بجانے پر بھارتی اداکارہ شلپا شیٹھی کو سوشل میڈیا پرشدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا اور لوگوں نے انہیں رمضان اور افطار کا احترام کرنے کا درس دے ڈالا۔
حال ہی میں شلپا شیٹھی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اپنی چند خواتین دوستوں کے ہمراہ ایک افطار پارٹی میں شریک ہیں۔
اس موقع پر دیگر اشیاء کے ساتھ شلپا اور ان کی فرینڈز ‘افلاطون’ نامی سوئیٹ ڈش بھی کھاتی نظر آئیں اور اسی دوران پس منظر میں اکشے کمار کی فلم ‘افلاطون’ کا گانا بجنا شروع ہوگیا، جس پر اداکارہ اور ان کی فرینڈز جھومنے لگیں۔
اس ویڈیو کے پوسٹ ہوتے ہی لوگوں نے شلپا شیٹھی کو کھری کھری سنا دیں۔
کسی نے کہا، ‘یہ افطار پارٹی ہے یا کِٹی پارٹی؟ آپ افطار کی میز پر ڈانس کیوں کر رہی ہیں؟ براہ مہربانی کچھ احترام کا مظاہرہ کریں’۔
جبکہ ایک صارف نے کہا، ‘شلپا شیٹھی، نہایت معذرت کے ساتھ، لیکن آپ نے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔’
تاہم کچھ لوگ شلپا کے حق میں بھی بات کرتے ہوئے نظر آئے، جن کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں مذہب کو درمیان میں نہیں لانا چاہیے بلکہ یہ دیکھنا چاہیے کہ کس طرح مختلف مذاہب کے لوگ ایک ساتھ بیٹھے ہیں اور مسلمانوں کے ماہ مقدس رمضان المبارک کے دوران افطار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بیٹے ویان کی سالگرہ اولڈ ہوم میں مناکر ‘دکھاوا’ کرنے پر بھی شلپا کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
گزشتہ ماہ 26 مئی کو شلپا اپنی مان سنندا، بیٹے ویان اور شوہر راج کندرا کے ساتھ ممبئی کے ایک اولڈ ایج ہوم گئیں، جہاں انہوں نے بزرگوں میں مٹھائی اور پھل تقسیم کیے اور اس کی ویڈیو بھی انسٹا گرام پر پوسٹ کی۔
تاہم اس ویڈیو پر لوگوں نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ شلپا کا پبلسٹی اسٹنٹ ہے، وہ اولڈ ایج ہوم جاکر لوگوں کو سب سے سستا پھل کھلا رہی ہیں اور پھر اس کا دکھاوا بھی کر رہی ہیں۔
جس پر اداکارہ نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ کام آگاہی پھیلانے کے لیے کیا تھا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ان لوگوں کی مدد کرسکیں۔
شلپا شیٹھی کی مشہور فلموں میں بازی گر، دھڑکن، لائن ان اے میٹرو اور اپنے شامل ہیں۔