Daily Bollywood News
Your Daily Dose of Bollywood

سلمان خان کا بھائی کی سٹے بازی پرجوابات دینے سے گریز

بولی وڈ کے دبنگ ہیرو سلمان خان کے چھوٹے بھائی پروڈیوسر اور اداکارہ ارباز خان نے گزشتہ روز ممبئی پولیس کے سامنے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ گزشتہ 6 سال سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں سٹے بازی کر رہے ہیں۔

ارباز خان نے یہ اعتراف بھی کیا تھا کہ انہوں نے 2017 میں آئی پی ایل کے دوران 2 کروڑ 70 لاکھ بھارتی روپے سے زائد کی رقم ہاری، جب کہ انہوں نے متعدد بار رقم جیتی بھی۔

ارباز خان نے پولیس کو بتایا تھا کہ سٹے بازی کرنے پر انہیں ان کی اہلیہ اور والد ڈانتے رہتے تھے، تاہم مالی و گھریلو پریشانیوں کی وجہ سے انہوں نے سٹے بازی کو جاری رکھا۔

ارباز خان کی جانب سے آئی پی ایل میں سٹے بازی کیے جانے کے بعد جہاں صحافی ان کی سابق اہلیہ ملائیکا ارورا سے سوالات پوچھنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہیں وہ اس حوالے سے سلمان خان سے بھی بات کرنی کی کوشش میں ہیں۔

تاہم سلمان خان بھائی کی سٹے بازی اور غلط کام کے حوالے سے سوالات کے جوابات دینے سے گریز کرنے لگے۔

دکن کیرونیکل کے مطابق سلمان خان ان دنوں اپنی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’ریس تھری‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور وہ اس دوران ارباز خان کی سٹے بازی کے حوالے سے کسی بھی نامناسب سوال کا جواب دینا نہیں چاہتے۔

رپورٹ کے مطابق 2 جون کو ’ریس تھری‘ کے گانے کو ریلیز کرنے کے لیے منعقد ہونے والی ایک تقریب کے دوران سلمان خان نے ارباز خان کی جانب سے کی جانے والی سٹے بازی کے حوالے سے کوئی بھی جواب دینے سے گریز کیا۔

نشریاتی ادارے نے ذرائع سے اپنی خبر میں بتایا کہ تقریب میں ارباز خان کی سٹے بازی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے بعد سلمان خان کی دیرینہ دوست یولیا وینتور نے دبنگ ہیرو کے ساتھ اسٹیج پر ڈانس کرنا شروع کردیا، تاکہ لوگوں کی توجہ سٹے بازی کے معاملے سے ہٹائی جاسکے۔

اسی تقریب میں ’ریس تھری‘ کا گانا ’اللہ دہائی ہے‘ ریلیز کیا گیا، جسے اب تک لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

’اللہ دہائی ہے‘ میں سلمان خان کو رقص کرتے دکھایا گیا ہے، جب کہ گانے میں فلم کی دیگر مرکزی کاسٹ کو بھی دکھایا گیا ہے۔ ’ریس تھری‘ کو رواں ماہ 15 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔

اس فلم سیریز میں سلمان خان پہلی بار ایکشن میں نظر آئیں گے، اس سے قبل ان کی جگہ سیف علی خان نے پہلی دونوں فلموں میں کام کیا تھا۔

’ریس تھری‘ میں سلمان خان کے علاوہ جیکولین فرنانڈس، ڈیزی شاہ، بوبی دیول، انیل کپور اور ثاقب سلیم شامل ہیں۔

فلم کی ہدایات ریمو ڈی سوزا نے دی ہیں۔

 

Source source
Leave A Reply

Your email address will not be published.