بالی وڈ ڈائری: سلمان سمجھ کیوں نہیں آتے اور عالیہ بھٹ، رنبیر کپور کی دوستی سے کون پریشان؟
سنہ 2009 میں فلم ‘وانٹڈ’ کے بعد سلمان خان نے اپنے کریئر کو ان بلندیوں پر پہنچا دیا جہاں پوری فلم ایک ہی کردار کے گرد گھومتی ہے اور یہ کردار وہ ہر چیز کرتا ہے جس کا محض تصور ہی کیا جا کستا ہے۔
یہ کردار کافی حد تک حقیقت سے دور کسی سپرمین کی طرح ہوتا ہے جو 30 منزلہ عمارت پر چڑھ بھی جاتا ہے اور وہاں سے بے خوف کود بھی جاتا ہے۔
اس ہفتے سلمان کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ‘ریس تھری’ کا ٹریلر جاری کیا گیا۔ اس فلم میں بھی سلمان نے وہی سب کچھ کیا جو وہ ‘وانٹڈ’ کے بعد سے کرتے آئے ہیں۔ یعنی ایسا ہیرو جسے کوئی نہیں ہرا سکتا اور جس کی فلم میں آخر میں سب کچھ اچھا ہی اچھا ہوتا ہے۔
اس فلم میں بھی سلمان ‘ون مین آرمی’ بنے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سلمان کی کرشماتی شخصیت ہی ہے جو لوگ اس طرح کی فلمیں نہ صرف ہضم کر جاتے ہیں بلکہ تین سے چار سو کروڑ کا بزنس بھی دے جاتے ہیں۔
اب ان کی اس دلیل کا ایک ہی جواب ہو سکتا ہے جو ایک فلم میں خود سلمان نے کہا تھا ‘دل میں آتا ہوں سمجھ میں نہیں’۔
بالی وڈ میں کون کس کا دوست ہے، کون کس کے ساتھ ہے اور کون کب علیحدہ ہو جائے اس بارے بات کرنا مشکل ہے اور رنبیر کپور کے بارے میں کچھ کہنا تو اور بھی مشکل ہے۔
پہلے دیپکا پھر قطرینہ اور اب کہا جا رہا ہے کہ ان کا دل عالیہ پر آ گیا ہے۔ دونوں ہر جگہ ساتھ نظر آ رہے ہیں اور پچھلے ہفتے سونم کپور کی شادی میں ان کی ایک دوسرے کی جانب والہانہ انداز میں دیکھنے والی تصویر نے تو جیسے افواہوں کو پنکھ لگا دیے ہوں۔
کہا جا رہا ہے کہ ان دونوں کی قربتوں کے سبب عالیہ اور قطرینہ کی دوستی میں بھی دوریاں آنے لگی تھیں لیکن حال ہی میں کرن جوہر نے سونم کپور کی شادی کے دوران عالیہ اور قطرینہ کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر لگا کر تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا تھا۔
یوں تو عالیہ کچھ عرصہ پہلے رنبیر کی جانب اپنے جھکاؤ کا اشارہ دے چکی تھیں۔ اب رنبیر نے بھی عالیہ کے بارے میں اپنی پسند ظاہر کر دی ہے اور آج کل نیتو ممی بھی تصویروں اور سوشل میڈیا پر بار بار عالیہ کی بلائیں اتارتی نظر آتی ہیں۔
ویسے عالیہ اور رنبیر ایان مکھرجی کی فلم ‘برہماستر’ میں کام کر رہے ہیں اب معلوم نہیں کہ ان دونوں کی قربتیں حقیقی ہیں یا فلم کے پروموشن کی تیاریاں۔
سونم کپور ہمیشہ سے ہی جو کچھ کرتی آئی ہیں وہ دوسروں سے مختلف رہا ہے حالانکہ شادی کی دھوم دھام کے معاملے میں وہ خالص پنجابی انداز میں نظر آئیں۔
شادی کے فوراً بعد کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر چلنے کے بعد انھوں نے اپنی شادی، کام، خواتین کے حقوق اور اپنے شوہر کے بارے میں بات کی۔
سونم ایک ایسی شخصیت ہیں جنھوں نے ہمیشہ سے ہی خواتین کو با اختیار بنانے کا نعرہ بلند کیا اسی لیے جب شادی کے بعد انھوں نے اپنا نام بدل کر سونم آہوجہ رکھا تو بغیر کسی تاخیر کے سوشل میڈیا پر ان کا ٹرول شروع ہو گیا جس کے جواب میں سونم کا کہنا تھا کہ اپنا نام تبدیل کرنا ان کی اپنی خواہش یا پسند ہے لیکن بات یہاں آ کر ختم نہیں ہوئی۔
سونم نے شوہر کے انسٹا گرام پر اپنے نام کے ساتھ ایس لگا لیا یعنی آنند سونم آہوجہ تو بھائی سوال یا تنقید صرف سونم کی ہی کیوں لوگ آنند جی سے سوال کیوں نہیں پوچھتے۔
ویسے ان دونوں کی شادی کے حوالے سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ آنند نے سونم کو شادی کی جو انگوٹھی پہنائی ہے اس کی قیمت 90 لاکھ روپے ہے۔
اسی دوران انتہائی سادگی سے شادی کرنے والی نیہا دھوپیا کے شوہر نے اپنے خاندان کی تین نسل پرانی انگوٹی نیہا کو پہنائی جو کہ ان کے خاندان کی روایت ہے۔