سلمان کی فلم ’’ ٹائیگرزندہ ہے‘‘ کے گیت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے
بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی فلم ’’ ٹائیگرزندہ ہے‘‘ کے گیت ’’سواگ سے سواگت ‘‘ نے نئے ریکارڈ قائم کردیئے ہیں۔
بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کو باکس آفس کا سلطان کہا جاتا ہے کیوں کہ ان کی تقریباً ہر فلم 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی فلم ’ ٹائیگر زندہ ہے‘ نے توقعات سے بڑھ کربزنس کرکے کئی رکارڈ قائم کیے جب کہ اب اسی فلم کے گیت نے بھی کامیابی کے رکارڈ قائم کرکے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔
بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے مشہور گیت سے متعلق اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ اس فلم کا گیت ’سواگ سے سواگت‘ یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والا گیت بن گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یش راج فلم کی جانب سے یوٹیوب پر 20 نومبر 2017 کو جاری کردہ گیت ’سواگ سے سواگت‘ کو اب تک 42 کروڑ 80 لاکھ 73 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا گیا ہے۔