دپیکا کے گردن کے ’ٹیٹو‘ پر ہنگامہ
بولی وڈ کی ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون ان دونوں فرانس میں ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے فیشن فلمی میلے ’کانز‘ میں اپنے جلوے بکھیرنے میں مصروف ہیں۔
اگرچہ ’کانز‘ میں کیمروں کی نظریں صرف دپیکا پڈوکون تک محدود نہیں، تاہم کیمرے کی آنکھوں نے ان کے جسم سے غائب ہونے والے ٹیٹو کے نظر نہ آنے کو ایک دلچسپ خبر ضرور بنادیا۔
جی ہاں، دپیکا پڈوکون کی جانب سے ’کانز‘ کے ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرنے کے دوران کھینچی گئی تصاویر میں ان کی گردن پر گزشتہ کئی سال سے نظر آنے والے ٹیٹو کو اس بار نہیں دیکھا گیا۔
دپیکا کی صراہی دار گردن پر ٹیٹو نظر نہ آنے پر جہاں ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر تشویش کا اظہار کیا، وہیں بھارتی میڈیا نے اس حوالے سے دلچسپ خبریں شائع کیں، جن کے مطابق اداکارہ نے ٹیٹو کو مٹایا نہیں بلکہ چھپایا ہے۔
Wait.. where is the tattoo ??? #DeepikaAtCannes pic.twitter.com/vK9vPftUFP
— VISHNU (@Vishnu__Bala) May 11, 2018
دکن کیرونیکل کے مطابق کانز کے 2017 کے ایڈیشن میں دپیکا پڈوکون کی گردن پر ’آر کے‘ الفاظ کا ٹیٹو دیکھا گیا تھا، تاہم اس بار یہ ٹیٹو غائب تھا۔
دپیکا کی گردن پر ٹیٹو نہ نظر نہ آنے کے بعد یہ چہ مگوئیاں ہونے لگی کہ آخر اداکارہ نے ماضی کے دوست رنبیر کپور کی محبت کو بھلاتے ہوئے ان کے نام کا ٹیٹو بھی مٹا دیا۔
تاہم اخبار نے اداکارہ کے قریبی ذرائع سے بتایا کہ اداکارہ نے ٹیٹو مٹایا نہیں بلکہ عارضی طور پر چھپا دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ کو اپنے قریبی ساتھیوں نے مشورہ دیا ہے کہ ٹیٹو کو مٹانے کے بجائے اسے اپڈیٹ کیا جائے۔
اداکارہ کو اپنے قریبی دوستوں نے مشورہ دیا ہے کہ ٹیٹو کے الفاظ کو ’آر کے‘ سے ’آر ایس‘ سے بدلا جائے، یعنی اب اس ٹیٹو کو اداکار رنویر سنگھ سے منسوب کیا جائے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ دپیکا پڈوکون نے کانز میں شرکت سے قبل گردن پر گدوائے گئے ٹیٹو کو خاص میک اپ اور مصنوعی جلد سے چھپا دیا ہے، تاکہ لوگوں میں یہ تاثر جائے کہ انہوں نے پرانا ٹیٹو مٹادیا۔
رپورٹ کے مطابق جلد ہی اداکارہ کی گردن پر ’آر ایس‘ الفاظ پر مشتمل ٹیٹو نظر آئے گا۔
خیال رہے کہ دپیکا پڈوکون نے اپنی گردن پر ’آر کے‘ کے الفاظ کا ٹیٹو 2014 کے بعد گدوایا تھا، اس وقت اداکارہ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور سے گہرے تعلقات تھے۔
اگرچہ اداکارہ نے کبھی بھی ٹیٹو کے الفاظ کی وضاحت نہیں کی، تاہم خیال کیا جاتا رہا ہے کہ ٹیٹو کے الفاظ رنبیر کپور کے نام سے ہے لیے گئے تھے۔
اب دپیکا پڈوکون اور رنبیر کپور کے درمیان تعلقات نہیں رہے اور وہ رنویر سنگھ کے قریب آ چکی ہیں، جن سے متعلق اطلاعات ہیں کہ وہ رواں برس کے آخر تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
اسی وجہ سے یہ چہ مگوئیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ اب دپیکا پڈوکون اپنے ٹیٹو کے الفاظ ’آر کے‘ سے’آر ایس‘ میں تبدیل کریں گی۔