اِندر کمار کی موت سے قبل خودکشی کی ویڈیو وائرل
بولی وڈ اداکار اِندر کمار کی موت سے قبل ریکارڈ کی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اس ویڈیو میں اداکار خاصے دلبرداشتہ ہیں اور خودکشی سے قبل لوگوں کو ایک پیغام دے رہے ہیں۔
سنہ 1996 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘معصوم’ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے اِندر کمار کا شمار 90 کی دہائی کے نامور اداکاروں میں ہوتا تھا۔ انہیں بولی وڈ کے دبنگ خان کے سب سے دیرینہ دوستوں میں شمار کیا جاتا تھا۔ انہوں نے ‘کہیں پیار نہ ہوجائے’، ‘وانٹیڈ’ اور ‘یہ دوریاں’ جیسی مشہور فلموں میں کام کیا۔
اداکار اِندر کمار دل کا دورہ پڑنے سے موت کی آغوش میں سو گئے تھے تاہم موت سے قبل انہوں نے یہ ویڈیو ریکارڈ کی تھی جس نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا ہے۔
وائرل ویڈیو نے جہاں ان کی موت پر کئی سوالات کھڑے کردیئے وہیں انہوں نے اپنے مداحوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے کچھ سیکھ سکتے ہوتو سیکھ لو ورنہ کل آپ کے ہاتھ میں بھی موبائل اور بوتل ہوگی اور خودکشی سے قبل ویڈیو ریکارڈ کررہے ہوں گے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رو رو کر ان کا برا حال تھا، وہ یہ بھی کہہ گئے کہ میں ایک اداکار بننے آیا تھا لیکن کامیابی کے بعد میری عیاشیوں نے مجھے کہیں کا نہ چھوڑا۔
اس ویڈیو سے متعلق اِندر کمار کی اہلیہ پل لوی نے پریس کانفرنس میں وضاحت کی ہے کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہی ہوئی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ ویڈیو ان کی ریلیز نہ ہونے والی فلم ‘پھٹی پڑی ہے یار’ کا ایک سین ہے۔