جب سلمان خان سے شادی کے متعلق سوال پر کترینہ کو جواب دینا پڑگیا
یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ کترینہ اور سلمان خان عرصہ دراز تک ایک رشتے میں منسلک رہے، حالانکہ ان دونوں نے اس بات کا اظہار کبھی واضح طور پر نہیں کیا لیکن بولی وڈ حلقوں میں یہ بات ایک کھلے ہوئے راز کی طرح سمجھی جاتی ہے۔ بہرحال دونوں کی راہیں اب جدا ہوگئی ہیں۔
سنہ 2007 میں کترینہ اور سلمان ڈیٹنگ کررہے تھے، اسی دوران کرن جوہر کے ایک چیٹ شو پر مہمان کی حیثیت سے مدعو کی گئیں۔ اس شو کے ایک سیگمنٹ میں جلدی جلدی سوالات پوچھے جاتے تھے جسے ‘ریپڈ فائر’ کا نام دیا جاتا ہے۔ جتنی تیزی سے یہ سوالات پوچھے جاتے ہیں اتنی ہی تیزی سے ان کا جواب بھی دینا ہوتے تھے۔ اسی سوال و جواب کے سلسلے کے دوران جب کرن نے ان سے پوچھا کہ اگر سلمان آپ کو شادی کی آفر کریں تو آپ کا جواب کیا ہوگا۔
پہلے تو ایسا لگا جیسے کترینہ کے پاس جواب دینے کے لئے الفاظ ہی نہ ہوں، پھر انہوں نے بڑی مشکل سے جواب دیا کہ ‘یہ تو ریپڈ فائر نہیں ہے، یہ نا انصافی ہے، یہ تو چِیٹنگ ہے’ اور بالآخر انہوں نے کہہ ہی دیا کہ ‘جب وہ پوچھیں گے تب کی تب دیکھی جائے گی’۔ ان کے ردعمل سے ایسا لگا جیسے وہ کافی محتاط رویہ اختیار کررہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کترینہ اور سلمان خان میں علیحدگی سنہ 2009 میں ہوئی تاہم انہوں نے اس معاملے کو اپنی دوستی پر اثر انداز نہیں ہونے دیا اور یہ دونوں آپس میں آج بھی بہت اچھے دوست ہیں۔
حال ہی میں ان دونوں اداکاروں کو فلم ‘ٹائیگر زندہ ہے’ میں ایک ساتھ دیکھا گیا اس فلم نے باکس آفس پر خوب دھمال کیا اور یہ ایک بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔