’کرم سے ڈکیت، دھرم سے آزاد‘
بولی وڈ چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور بہت جلد اپنی نئی فلم ’شمشیرا‘ کے ساتھ اسکرین پر ڈرامائی انٹری کرنے والے ہیں۔
ویسے تو وہ اس وقت خبروں میں اپنی فلم ’سنجو‘ کی وجہ سے تھے، لیکن اب یش راج فلمز نے رنبیر کپور کے ساتھ ایک نئی فلم بنانے کا اعلان کردیا۔
اس فلم کا نام ’شمشیرا‘ رکھا گیا ہے، جس کا پہلا ٹیزر بھی ریلیز کردیا گیا۔
करम से डकैत,
धरम से आज़ाद
Presenting #RanbirKapoor in a never seen before avatar in YRF’s next action adventure #SHAMSHERA. Directed by @karanmalhotra21 | @ShamsheraMovie pic.twitter.com/5Dqg7GDOhQ— Yash Raj Films (@yrf) May 7, 2018
دلچسپ بات یہ ہے کہ رنبیر کپور اپنی اگلی فلم ’شمشیرا‘ میں ایک ایسے کردار میں نظر آئیں گے جو انہوں نے اب تک سینما پر نہیں نبھایا۔
اس فلم میں رنبیر کپور ڈاکو بنیں گے، جبکہ فلم کی ٹیگ لائن ’کرم سے ڈکیت، دھرم سے آزاد‘ بھی کافی ڈرامائی رکھی گئی ہے۔
ویسے تو فلم کے پہلے لک میں رنبیر کپور خود نظر نہیں آئے، البتہ ان کے انداز پر ایک فکشن کردار پیش کیا گیا۔
خیال رہے کہ بولی وڈ میں اس طرح کی تاریخی فلمیں بننے کا رجحان تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
رنویر سنگھ بھی اس سے قبل ’باجی راؤ مستانی‘ اور ’پدماوت‘ جیسی تاریخی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔
جبکہ ارجن کپور، ورن دھون دونوں ہی اس طرح کی فلمیں سائن کرچکے ہیں، جن کی شوٹنگ جاری ہے۔
فلم ’شمشیرا‘ کی کاسٹ کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا، جبکہ اس فلم کی ہدایات کرن ملہوترا دیں گے، جس کی شوٹنگ کا آغاز رواں سال کے آخر میں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ فلم ’شمشیرا‘ کے علاوہ رنبیر کپور اس وقت اپنی ایک اور فلم ’براہ مسٹرا‘ میں مصروف ہیں، جس میں ان کے ہمراہ عالیہ بھٹ کام کرتی نظر آئیں گی۔
اس فلم میں وہ سپر ہیرو کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔