Daily Bollywood News
Your Daily Dose of Bollywood

سنجے دت کی ماں بننے پرمنیشا کوئرالا خوش

بولی وڈ کی آنے والی بائیوگرافی فلم ’سنجو‘ کا شائقین کو بے حد انتظار ہے، جس کا پہلا ٹیزر ٹریلر گزشتہ ماہ جاری کیا گیا تھا۔

اس فلم کے جاری کیے گئے پوسٹر اور ٹیزر ٹریلر میں جہاں لوگوں نے رنبیر کپور کو سنجے دت کے روپ میں دیکھ کر خوشگوار حیرانگی کا اظہار کیا۔

وہیں بولی وڈ شخصیات نے بھی رنبیر کپور کے سنجے دت اسٹائل کو سراہا۔

اس فلم میں جہاں رنبیر کپور اداکار سنجے دت کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، وہیں 47 سالہ اداکارہ منیشا کوئرالا فلم میں سنجے دت کی والدہ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

فلم میں خود سے 11 سال بڑے اداکار کی والدہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے منیشا کوئرالا نے اسے اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔

انڈیا ڈاٹ کام کے مطابق منیشا کوئرالا نے ’سنجو‘ میں اپنے کردار کے حوالے سے انکشاف کیا کہ فلم میں وہ مختصر کردار میں نظر آئیں گی۔

47 سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ فلم میں ان کا کردار انتہائی اہم نہیں، تاہم وہ مختصر وقت کے لیے فلم میں نرگس دت بننے پر خوش ہیں۔

انہوں نے فلم میں سنجے دت کی والدہ نرگس دت کا کردار نبھانے کو اپنے لیے اعزا قرار دیا اور کہا کہ ہر اداکار کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کے کیریئر میں ایسے کردار ہونے چاہئیں۔

اداکارہ نے بات چیت کے دوران نہ صرف فلم ’سنجو‘ کے حوالے سے بات کی، بلکہ انہوں نے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے اور اس کے علاج کے دوران خود کو پیش آنے والی مشکلات پر بھی بات کی۔

منیشا کوئرالا نے اعتراف کیا کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ انہیں بھی کینسر ہوسکتا اور وہ اس حوالے سے بلکل تیار نہیں تھی، تاہم اب وہ ایسے کسی بھی مشکل وقت سے نمٹنے کے لیے ہر وقت ذہنی طور پر تیار رہتی ہیں۔

1989 میں نیپال فلم انڈسٹری سے کیریئر کا آغاز کرنے والی منیشا کوئرالا نے کہا کہ ہر انسان کی زندگی میں اچھا اور برا وقت آتا ہے، مگر ہر وقت ہر مسئلے سے نمٹنے کے لیے ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیے۔

خیال رہے کہ منیشا کوئرالا نیپال میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے اداکاری کی شروعات بھی وہیں سے کی۔

ان کی پہلی بولی وڈ فلم ’سوداگر‘ تھی، جسے 1991 میں ریلیز کیا گیا۔

لگ بھگ 80 فلموں میں جلوہ گر ہونے والی منیشا کوئرالا نے ’دل سے، من، لجا، کمپنی، راجہ کو رانی سے پیار ہوگیا، ہندوستان کی قسم، لال بادشاہ، کارتوس، جے ہند، اچانک، اکیلے ہم، اکیلے تم اور رام شاسترا‘ جیسی فلموں میں کام کیا۔

47 سالہ اداکارہ 2012 میں ’اورین کینسر‘ میں مبتلا ہوگئیں تھیں، جس وجہ سے امریکا میں ان کی سرجری کی گئی۔

آنے والی فلم ’سنجو‘ میں منیشا کوئرالا کے علاوہ سونم کپور، انوشکا شرما اور دیا مرزا بھی کردار ادا کرتی نظرآئیں گی۔

دیا مرزا فلم میں سنجے دت کی اہلیہ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، جب کہ انوشکا اور سونم کو ممکنہ طور پر سنجے دت کی گرل فرینڈز کے طور پر دکھایا جائے گا۔

امکان ہے کہ سونم کپور اور انوشکا شرما کا کردار بھی فلم میں مختصر ہوگا۔

فلم میں سنجے دت کے والد کا کردار پاریش راول ادا کرتے نظر آئیں گے۔

فلم کو آئندہ ماہ 29 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔

Source source
Leave A Reply

Your email address will not be published.