سونم اور ایشوریا کی سرد جنگ ختم، شادی کی دعوت دے دی
بولی وڈ کی فیشن آئکن اداکارہ سونم کپور کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوچکا ہے اور وہ کل تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔
ان کی شادی یقینا بولی وڈ کی رواں سال ہونے والی سب سے بڑی شادیوں میں سے ایک ہے، جس کا شائقین کا کافی انتظار تھا۔
جہاں شائقین یہ جاننے کو بے تاب ہیں کہ سونم کپور اپنی شادی کے دن کس ڈیزائنر کا تیار کردہ لباس پہنیں گی، وہیں کئی مداح یہ بھی جاننے کے لیے پریشان ہیں کہ ان کی شادی میں کون سی اداکارائیں و اداکار شرکت کریں گے۔
اگرچہ ان کی شادی میں شرکت کرنے والے متعدد اداکاروں کی تصدیق ہوچکی ہے، تاہم لوگ یہ جاننے کے لیے بے تاب ہیں کہ کیا سونم کپور کی شادی میں ایک اور فیشن آئکن اداکارہ ایشوریا رائے شرکت کریں گی؟
یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ سونم کپور اور ایشوریا رائے کے درمیان گزشتہ 10 سال سے سرد جنگ جاری ہے۔
کیوں کہ سونم کپور نے 10 سال قبل 2008 میں دنیا کے سب سے معروف فیشن فلم فیسٹیول ’کانز‘ میں ایشوریا رائے کی جگہ لی تھی۔
سونم کپور کو 10 سال قبل میک اپ برانڈ ’لوریل‘ نے اپنا سفیر مقرر کیا تھا، اس سے قبل اس میک اپ برانڈ کی واحد سفیر ایشوریا رائے تھیں، جو گزشتہ 16 سال سے ’کانز‘ فلم فیسٹیول میں برانڈ کی نمائندگی کر رہی ہیں۔
10 سال قبل سونم کپور اور ایشوریا رائے میں اس وقت سرد جنگ شروع ہوئی تھی، جب سونم نے ایشوریا رائے کو ’آنٹی‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب ان جیسی نوجوان لڑکیوں کا زمانہ ہے۔
اگرچہ ’لوریل‘ میک اپ برانڈ نے سونم کپور کو بھی اپنا سفیر مقرر کیا، تاہم برانڈ نے ایشوریا رائے کو بھی نمائندگی کے لیے برقر ار رکھا اور اب تک دونوں اداکارائیں اسی برانڈ کی نمائندگی کے لیے کانز کے ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوتی ہیں۔
رواں برس بھی دونوں اداکارائیں ’لوریل‘ کی جانب سے کانز میں شرکت کریں گی اور سونم شادی کے ایک ہفتے بعد ہی ریڈ کارپٹ پر واک کرتی نظر آئیں گی۔
دونوں اداکاراؤں میں سرد جنگ کے بعد یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ ایشوریا رائے، سونم کی شادی میں شرکت نہیں کریں گی۔
تاہم اب اس حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ سونم کپور نے اپنی زندگی کے سب سے بڑے دن پر تمام ناراضگیاں ختم کرتے ہوئے ایشوریا رائے کو شادی میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت دے دی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اگرچہ ایشوریا رائے کو سونم کپور کی والدہ سنیتا کپور نے بھی شادی میں شرکت کے لیے رسمی دعوت دی تھی، تاہم اداکارہ نے انہیں خصوصی دعوت بھی دی۔
رپورٹ کے مطابق سونم کپور نے اپنی زندگی کے سب سے اہم دن پر بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشوریا رائے کو ذاتی طور پر فون کرکے شادی میں شرکت کرنے کی دعوت دی۔
اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ایشوریا رائے بھی بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونم کی شادی میں شرکت کریں گی۔
خیال رہے کہ سونم کپور کی شادی کی تقریبات کا آغاز آج سے ہوچکا ہے، جب کہ ان کی شادی کی آخری تقریبات کل ہوں گی۔
8 مئی کی رات 10 بجے سونم کپور اور ان کے شوہر آنند آہوجا کی جانب سے پارٹی دی جائے گی، جس میں ایشوریا رائے کو شرکت کرنے کی دعوت دی گئی ہے، اس تقریب میں متعدد بولی وڈ شخصیات شرکت کریں گی۔