Daily Bollywood News
Your Daily Dose of Bollywood

فلم ‘رستم’ کاسٹیوم تنازع: اکشے کمار اہلیہ ٹوئنکل کی حمایت میں بول پڑے

بالی وڈ کے معروف اداکار اکشے کمار  فلم ‘رستم’ میں پہنی گئی بھارتی بحریہ کی وردی کی نیلامی کے اعلان پر ہونے والی تنقید پر اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کی حمایت میں بول پڑے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل ٹوئنکل کھنہ اور اکشے کمار نے فلم ’رستم‘ میں پہنی گئی بھارتی بحریہ کی وردی نیلام کرنے کا سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا جس پر ٹوئنکل کھنہ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

اس جوڑے کا کہنا تھا کہ وردی کی نیلامی کا مقصد اس سے وصول ہونے والے پیسوں کو جانوروں کے تحفظ پر خرچ کرنا ہے۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اکشے کمار نے ایک تقریب میں شرکت کی جہاں بھارتی میڈیا نے ان کی اہلیہ پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے سوال کیا۔

جس پر اکشے نے جواب دیا، ’میں اپنی بیوی کو سپورٹ کرتا ہوں، وہ فلم کا کاسٹیوم ہے جسے ایک اچھے مقصد کے لیے نیلام کیا جارہا ہے اور ہم نے اس اعلان کی وجہ بھی واضح کی تھی’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘مجھے نہیں لگتا کہ میں نے یا میری بیوی نے کچھ غلط کیا ہے، اگر اس سے کسی کو کوئی مسئلہ ہے تو میں کچھ نہیں کر سکتا‘۔

واضح رہے کہ ٹوئنکل اور اکشے کمار کے اس مقصد کو ریتھک روشن، سونم کپور اور فلم ساز و ہدایت کار کرن جوہر بھی سپورٹ کر رہے ہیں۔

اگست 2016 میں ریلیز ہونے والے فلم ‘رستم’ میں اکشے کمار، ایشا گپتا اور الینا ڈی کروز نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، اس فلم میں بہترین اداکاری پر اکشے کو نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

 

Source source
Leave A Reply

Your email address will not be published.