مشہور گلوکار کے کے کا کولکاتا میں انتقال، کانسرٹ کے دوران بگڑی تھی طبیعت
مشہور گلوکار کرشنا کمار کا کولکاتا میں انتقال ہوگیا ہے۔ کانسرٹ کے دوران ان کی طبیعت بگڑ گئی تھی، جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا ہے۔
مشہور گلوکارکرشنا کمار (کے کے) کا کولکاتا میں انتقال ہوگیا ہے۔ کانسرٹ کے دوران ان کی طبیعت بگڑ گئی تھی، جس کے بعد انہیں اسپتال میں لے جایا گیا، جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا ہے۔ ابتدائی جانکاری کے مطابق، کرشنا کمار کناتھ (Krishnakumar Kunnath) کے انتقال کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی جارہی ہے۔ تاہم ابھی تک ان کے انتقال کی وجہ کو لے کر کچھ بھی واضح طور پر نہیں کہا گیا ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق، پوسٹ مارٹم کے بعد ہی گلوکار کرشنا کمار کے انتقال کی اصل وجہ کا انکشاف ہوسکے گا۔ کرشنا کمار کناتھ کے انتقال کی خبر آتے ہی تفریحی دنیا میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سیلبس سوشل میڈیا کے ذریعہ آنجہانی گلوکار کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے بھی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے کرشنا کمار کناتھ کے انتقال کی خبر پر حیرانی اور غم کا اظہار کیا ہے۔