ملائیکہ اروڑہ کی کار حادثہ کا شکار، اداکارہ کو اسپتال میں کرایا گیا بھرتی
بالی ووڈ اداکارہ ملائیکہ اروڑہ ہفتہ کی شام کو ایک حادثہ کا شکار ہوگئیں ۔ مہاراشٹر کے کھوپولی میں ایکسپریس وے پر ان کی کار حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ ملائیکہ کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور انہیں فوری طور پر قریبی اپولو اسپتال لے جایا گیا ۔
بالی ووڈ اداکارہ ملائیکہ اروڑہ ہفتہ کی شام کو ایک حادثہ کا شکار ہوگئیں ۔ مہاراشٹر کے کھوپولی میں ایکسپریس وے پر ان کی کار حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ ملائیکہ کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور انہیں فوری طور پر قریبی اپولو اسپتال لے جایا گیا ۔ پولیس انسپکٹر شریش پوار کے مطابق یہ حادثہ ممبئی – پونے ایکسپریس وے پر 38 کلومیٹر کے فاصلے پر ہوا ۔ تین گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں اور تینوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پولیس انسپکٹر نے مزید بتایا کہ گاڑی میں سوار افراد حادثے کے فوراً بعد فرار ہو گئے، اس لئے یہ واضح نہیں ہے کہ کس طرح کی چوٹیں آئی ہیں ۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ سبھی کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ فی الحال پولیس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے اور اس کے بعد ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ ملائیکہ اروڑہ کی رینج روور کار ، دو دیگر گاڑیوں سے ٹکرا گئی تھی ۔
رپورٹ کے مطابق کھوپولی تھانہ کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر ہریش کالسیکر نے کہا کہ ہمیں تینوں کاروں کے رجسٹریشن نمبر مل گئے ہیں اور اب ہم مالکان سے یہ جاننے کیلئے رابطہ کریں گے کہ اصل میں کیا ہوا تھا ۔ ابھی ہم نے واقعہ کی تصدیق کر لی ہے اور حادثہ کیسے ہوا اور کس کی غلطی تھی ، اس کی جانچ کے بعد ایف آئی آر درج کی جائے گی ۔