Daily Bollywood News
Your Daily Dose of Bollywood

102 ناٹ آؤٹ: بوڑھے باپ بیٹے کی فلم نے 20 کروڑ کمالیے

بولی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن اور ماضی کے چاکلیٹی ہیرو رشی کپور کی فیملی فلم ’102 ناٹ آؤٹ‘ کا شائقین کو بے حد انتظار تھا، جسے 4 دن قبل یعنی 4 مئی کو ریلیز کردیا گیا تھا۔

فلم سے شائقین کو بہت امیدیں وابستہ تھیں، کیوں کہ اس فلم میں پہلی بار امیتابھ بچن دوست اور ہیروز کے بجائے باپ اور بیٹے کے روپ میں نظر آئے۔

فلم میں 75 سالہ امیتابھ بچن نے 102 سالہ والد کا کردار ادا کیا ہے، جو فلم میں 65 سالہ رشی کپور کے والد بنے ہیں، تاہم فلم میں ان کی عمر 75 برس دکھائی گئی ہے۔

فلم کو اب تک ملے جلے ریوز مل رہے ہیں، کئی تنقید نگاروں کے خیال میں فلم میں قدرے حقیقت کا مظاہرہ کیا گیا، جب کہ بعض کا ماننا ہے کہ فلم کی کہانی انتہائی کمزور ہے۔

تاہم فلم کے رویوز سے ہٹ کر اگر اس کی کمائی کی بات کی جائے تو یقینا حوصلہ افزا اعداد و شمار دیکھنے کو ملیں گے۔


بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئیٹ کی کہ ’102 ناٹ آؤٹ‘ نے ابتدائی 4 دن میں بھارت بھر سے 19 کروڑ 85 لاکھ روپے کمالیے۔

انہوں نے لکھا کہ ’102 ناٹ آؤٹ‘ ابھی آؤٹ نہیں ہوئی اور فلم نے 7 مئی کو بھی 3 کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے کمائے۔

فلم نے پہلے ہی دن 3 کروڑ 52 لاکھ روپے کمائے تھے، جب کہ اگلے دن فلم نے اچھی کمائی کرتے ہوئے 5 کروڑ 53 لاکھ روپے بٹورے۔

فلم نے سب سے زیادہ کمائی 6 مئی کو کی،اتوار اور عام تعطیل ہونے کی وجہ سے فلم نے بھارت بھر سے 7 کروڑ 60 لاکھ بٹورے اور یوں فلم نے 4 دن میں مجموعی طور پر 19 کروڑ 85 لاکھ روپے کی کمائی کی۔

خیال رہے کہ اس فلم کو بھارت بھر کی 1200 سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا، خیال کیا رہا تھا کہ فلم پہلے ہی دن 4 کروڑ کے قریب کمانے میں کامیاب جائے گی۔

باکس آفس پر نظر رکھنے والے تجزیہ کاروں کے مطابق اگر فلم کی کمائی کی یہی رفتار رہی تو فلم رواں ہفتے کے اختتام تک 40 کروڑ روپے کے لگ بھگ کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔

فلم کی لاگت پر مجموعی طور پر 30 کروڑ روپے کے اخراجات آتے تھے، اس لیے اگر فلم نے ابتدائی 2 ہفتوں کے اندر 30 کروڑ روپے کمالیے تو اسے سپر ہٹ تسلیم کیا جائے گا۔

’102 ناٹ آؤٹ‘ کی کہانی ایک گجراتی ڈرامے پر مبنی ہے جس کی ہدایات امیش شکلا دے رہے ہیں، اس فلم کا اسکرپٹ سومیا جوشی نے لکھا ہے، جنہوں نے گجراتی ڈرامہ لکھا تھا۔

فلم اگرچہ ہندی زبان میں ہے، تاہم دونوں اداکاروں کو گجراتی انداز میں دکھایا گیا ہے۔

 

Source source
Leave A Reply

Your email address will not be published.