‘میں کچھ ماہ میں مر سکتا ہوں’
بولی وڈ اداکار عرفان خان کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کبھی کبھی ایسا لگتا ہے کہ لوگوں کو بتاؤں مجھے یہ بیماری لاحق ہے اور میں کچھ ماہ میں مرسکتا ہوں۔
عرفان خان کو بولی وڈ کے سب سے باصلاحیت اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے تاہم وہ نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی بیماری میں مبتلا ہیں جسے عموماً آنتوں کا کینسر بھی کہا جاتا ہے۔
عرفان خان ان دنوں علاج کے غرض سے لندن میں ہی موجود ہیں، ان کی صحت میں بہتری بھی آئی ہے تاہم خود عرفان خان یہ کہتے ہیں کہ مجھے کبھی کبھی لگتا ہے کہ لوگوں کو اپنی بیماری سے متعلق بتاؤں، مجھے یہ بیماری لاحق ہے اور میں کچھ ماہ میں مرسکتا ہوں۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عرفان خان نے اپنی بیماری کے حوالے سے بتایا ہے کہ میری کیمو تھراپی کے کُل 6 سیشنز ہیں، ان 6 سیشنز میں سے چوتھا سیشن مکمل ہوچکا ہے جب کہ چھٹا سیشن مکمل ہونے کے بعد اس کا نتیجہ سامنے آئے گا کہ یہ مجھے کہاں لے کر جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی انسان کی زندگی کی کوئی گارنٹی نہیں ہے جب کہ میرا دماغ ہمیشہ مجھ سے کہتا ہے کہ مجھے یہ بیماری ہے اور میں کچھ مہینوں میں یا ایک دو سال میں مرسکتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یا پھر میں اپنے دماغ سے یہ باتیں خارج کرکے اس طرح جی سکتا ہوں جس طرح زندگی مجھے جینے کا موقع دے رہی ہے۔
عرفان خان کہتے ہیں کہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں ہر وقت منصوبہ بندی کررہے ہوتے ہیں لیکن ہمیں نہیں معلوم ہوتا کہ آخر میں کیا ہونے والا ہے لہٰذا میں نے اب سوچنا چھوڑ دیا اور نہ ہی کسی فلم کا اسکرپٹ پڑھ رہا ہوں۔
Source
Comments are closed.