فلم ’سنجو‘ نے میلبرن ایوارڈز کا میلہ لوٹ لیا

فلم ’سنجو‘ نے 300 کروڑ سے زائد بزنس کرکے ریکارڈ بک الٹ پلٹ کردی۔
ممبئی: بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ نے باکس آفس پر تہلکہ مچانے کے بعد میلبرن ایوارڈز کامیلہ بھی لوٹ لیا۔
سنجو بابا کی زندگی پر بننے والی فلم میں چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے بہترین اداکاری کرکے جہاں اپنے گرتے کیریئر کو بلندیوں پر پہنچا دیا وہیں فلم نے بھی بہترین کہانی کی بدولت 300 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرکے ریکارڈ بک الٹ پلٹ کردی، جب کہ فلم کی کامیابی کا سفر اب بھی جاری ہے اور ’سنجو‘ نے میلبرن میں سجا ایوارڈز تقریب کا میلہ بھی اپنے نام کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے شہر ملبرن میں ہونے والے انڈین فلم فیسٹیول میں کئی کیٹیگری پر ایوارڈز دیئے گئے جس میں سے سب سے زیادہ ایوارڈز باکس آفس پر راج کرنے والی فلم ’سنجو‘ نے حاصل کئے۔
فلم کے ہدایتکار راجکمار ہیرانی نے بہترین فلم اور بہترین ہدایتکار کے ایوارڈز اپنے نام کئے جب کہ فلم میں سنجے دت کے دوست کا کردار ادا کرنے والے اداکار وکی کوشل نے معاون اداکار کا ایوارڈز حاصل کرکے فلم کو اعزاز سے نواز دیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: بالی ووڈ میں ایک اور’’سنجو‘‘بنانے کی تیاری
واضح رہے کہ راجکمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’سنجو‘ میں رنبیر کپور کے ہمراہ منیشا کوئرالہ، سونم کپور،انوشکا شرما اور دیا مرزا نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔
Comments are closed.